بابا گرونانک کبڈی ٹورنامنٹ کل اقبال اسٹیڈیم میں ، ایک کروڑ روپے کے انعامات

فیصل آباد( ویب ڈیسک)پاکستان کبڈی فیڈریشن ‘ پاکستان تحریک انصاف سپورٹس ونگ اور ننکانہ صاحب کبڈی کلب کے اشتراک سے دوسرا سری بابا گرونانک ایک روزہ کبڈی ٹورنامنٹ اتوار 10 مارچ کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ٹورنامنٹ میں ٹیموں اور کھلاڑیوں کے لئے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں ۔

ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی ‘ ارکان اسمبلی راجہ ریاض احمد خاں ‘ چوہدری فیض اﷲ کموکا ‘ لطیف نذر ‘ پی ٹی آئی رہنما چوہدری محبوب عالم سندھو اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سکھ سپانسر لکی کرالی نے اقبال سٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوسرے سری بابا گرونانک کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ضروری انتظامات کے حوالے سے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا ۔ عمران چوہدری ‘ عاطف چیمہ‘ طاہر گورائیہ ‘ پریت سنگھ سنگھیڑا ‘ شمبو بھرولی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر ارکان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،صدر ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی بھی موجود تھے ۔

کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں رائل کنگ ( امریکہ )، بٹ کبڈی کلب ( نلکہ کوہالہ )، شاہین کبڈی کلب ( گیالہ ) اور بندیشہ کبڈی کلب ( جہانگیر ) شامل ہیں ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ٹورنامنٹ جتنے والی ٹیم کو چار لاکھ روپے ‘ رنر اپ کو دو لاکھ ‘ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے ‘ بیسٹ ریڈر اور سٹاپر کو ایک ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے جبکہ دیگر انعامات میں کبڈی کے کھلاڑی رانا علی شان کو ٹیوٹا کرولا جی ایل آئی کار ‘ کبڈی ہیروز کے لئے 20 موٹر سائیکلیں ‘ انٹرنیشنل ریفری فضل حق گجر اور دیگر آفیشلز کے لئے موٹر سائیکلز کے علاوہ شائقین کے لئے بذریعہ قرعہ اندازی ایک عدد ہنڈا 70 سی سی موٹر سائیکل شامل ہیں ۔

ارکان اسمبلی راجہ ریاض احمد ‘ فیض اﷲ کموکا ‘ لطیف نذر نے فیصل آباد میں کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کرانے کے سلسلے میں کینیڈا سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے سکھ دوستوں اور دیگر منتظمین کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کہا اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے بھر پور تعاون کی یقین دہائی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور کبڈی سمیت مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کو وسیع اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی اور ثقافتی کھیل ہے اور فیصل آباد میں گزشتہ چند مہینوں میں اس کھیل کے ایونٹس میں شائقین کو معیاری کبڈی دیکھنے کو ملی ہے اور سری بابا گورنانک کبڈی ٹورنامنٹ میں بھی کاٹنے دار مقابلے متوقع ہیں ۔ انہوں نے کبڈی کی ترویج و ترقی کے لئے لکی کرالی اور ان کی ٹیم کی بھر پور دلچسپی کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں کبڈی سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کینیڈین مہمانوں کو کبڈی کے فروغ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر انتظامی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کھیلیں ناگزیر ہیں اسی مقصد کے لئے ڈویژن بھر میں سپورٹس سرگرمیوں کو پروان چڑھایا جارہا ہے ۔ لکی کرالی نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی بے پناہ محبت کے باعث سری باباگورونانک کبڈی ٹورنامنٹ یہاں منعقد کرایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے ذریعے محبتیں بانٹنے آئے ہیں اور ہمیشہ پاکستان اور فیصل آباد آکر پیار و محبت ملا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے بھر پور معاونت و سرپرستی پر ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی ‘ ارکان اسمبلی راجہ ریاض احمد ‘ فیض اﷲ کموکا ‘ لطیف نذر،محبوب عالم سندھو اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے کھیل سے لطف انداز ہونے کے لئے نظم وضبط کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں