خوبرو ماڈل ایان علی اشتہاری قرار ، اثاثے ضبط کرنے کا حکم

پاکستانی ماڈل ایان علی کو کرنسی اسمگلنگ کیس میں مسلسل غیرحاضر ہونے پر اشتہاری قرار دیدیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے ملزمہ کے اثاثہ جات قبضہ میں لینے کا حکم بھی جاری کردیا ہے-

کسٹم عدالت میں آج کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کیس کی سماعت کی جس میں ایان علی کے بجائے ان کے وکیل جبکہ محکمہ کسٹم کی جانب سے پراسیکیوٹر امین فیروز اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔ اس موقع پر عدالت نے ملزمہ کی مسلسل غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو 2 ماہ کا وقت دے چکے مگر وہ پھر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

کسٹم عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمہ ایان علی کی جائیداد کی تفصیلات دی جائیں اور بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا تھا یا نہیں؟ اس موقع پردوران سماعت ایان علی کے وکیل نے عدالت سے آئندہ سماعت کی تاریخ طلب کی، جس پر عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالتی حکم کا انتظار کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کسٹم کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ نے جو پتہ دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے جس پر کسٹم کے انسپکٹر نے بتایا کہ جب میں کراچی گیا تو بتایا گیا کہ ماڈل بہت عرصے سے یہاں آئی ہی نہیں۔ اس صورتحال پر کسٹم عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا –

کسٹم عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل عدالت طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں جبکہ ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ ملزمہ کی پراپرٹی کے لیے سیشن۔جج کراچی کو خط لکھا جائے گا جو مجسٹریٹ تعینات کریں گے تاکہ ماڈل کا فلیٹ فروخت نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر کرنسی اسمگلنگ کرتے پکڑے جانے پر ماڈل ایان علی کے کلاف کیسگزشتہ طویل عرصہ سے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے جس کی آج بھی کارروائی ہوئی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں