جی سی یو وویمن میں سپورٹس فیسٹیول ، معاون خصوصی برائے سپورٹس ملک عمرفاروق نے سراہا

فیصل آباد(ویب ڈیسک)موجودہ حکومت خواتین کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے کر ذہنی وجسمانی طورپر مضبوط اورتوانا ہو سکیں کیونکہ وہ نئی نسل کی امین ہیں ۔ یہ بات وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے جی سی وومن یونیورسٹی میں سالانہ سپورٹس فیسٹیول کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ایم پی اے فردوس رائے ‘ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور ‘ ڈائریکٹر سپورٹس مسز فرزان اعظم ‘ پروفیسر رضوانہ تنویر ‘ مسز رخسانہ بتول دیگر فیکلٹی ممبرز اور کثیر تعداد میں طالبات اس موقع پر موجود تھیں ۔


معاون خصوصی برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے رنگا رنگ سپورٹس فیسٹیول کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی جانب راغب کرنا انتہائی خوش آئند اقدام ہے جوکہ صحت مند دماغ و جسم کے لئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نوجوانوں کی ترقی و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ انہیں جواں ہمت جذبوں اور جوش و عزم سے ملک و قوم کی ترقی اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کھیلوں کی وسیع سرگرمیوں کی بدولت پلے گراؤنڈز آباد ہونگے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو اپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت وطن کا نام روشن کریں گے ۔


انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے یوتھ کمیٹیز بنائی جارہی ہیں جسکی وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دے دی ہے جن میں خواتین کو 33 فیصد نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کھیلوں کے میدان میں جی سی وومن یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سپورٹس فیسٹیول میں طالبات کے جوش و جذبے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی مزید سہولیات دینے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مختلف کھیلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ۔ ایم پی اے فردوس رائے نے کہا کہ خواتین کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں جو کہ صحت منداور ترقی یافتہ معاشرے کے لئے خوش آئند امر ہے ۔


انہوں نے مختلف کھیلوں میں طالبات کھلاڑیوں کی مہارت کو سراہا ۔ وائس چانسلر پروفیسر صوفیہ انور نے مہمان خصوصی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو کھیلوں میں حصہ لینے کے بہترین مواقع فراہم کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کھلاڑیوں نے کھیلوں کے مقامی اور قومی سطح کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھا کر انعامات حاصل کئے ہیں جبکہ گزشتہ روز یونیورسٹی کو نیشنل چک بال چمپیئن شپ شاندار انداز میں منعقد کرانے کا بھی اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ بعدازاں مہمان خصوصی ملک عمرفاروق اور ایم پی اے فردوس رائے نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات کھلاڑیوں میں میڈلز اور دیگر انعامات تقسیم کئے ۔ قبل ازیں طالبات نے چاٹی ریس ‘ ٹیبلو ‘ رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ سپورٹس فیسیٹول میں نیشنل ٹینس ‘ بیڈمنٹن ‘ 100 میٹر ‘ 200 میٹر ریس ‘ ڈسکس تھرو ‘ رسہ کشی ‘ شاٹ پٹ ‘کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں