اسلامی بینکاری ترقی کی راہ پر ، پاکستان میں کتنے کھرب مالیت کے اثاثے؟؟؟

فیصل آباد (ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں اسلامی بینکاری کا نظام تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اب صرف پاکستان میں اس کے مجموعی اثاثے 3.96ٹریلین روپے سے تجاوز کر چکے ہیں ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد نے آج اسلامی بینکاری بارے ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام کی ا بدی برکتوں کی وجہ سے اسلامی بینکاری نہ صرف اسلامی اور دوسرے ملکوں میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر گزشتہ چار سالوں کے دوران اسلامی بینکاری کا گروتھ ریٹ اٹھارہ فیصد رہاجبکہ سعودی عرب ، ملائیشیا ، قطر ، ترکی اور انڈونیشیا سمیت کئی دوسرے اسلامی ملکوں میں ربا سے پاک بینکاری میں پچاس فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

پاکستان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہاں اسلامی بینکاری کا نظام 2001-2سے شروع ہوا جبکہ دسمبر 2018تک اس کے اثاثے 3.96ٹریلین تک پہنچ چکے تھے۔ اس طرح بینکاری کے مجموعی نظام میں اسلامی بینکوں نے اس مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 48.5ارب روپے جاری کئے۔ جو پچھلے سال صرف 6.5ارب روپے تھے انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان میں پانچ اسلامی بینکوں کے علاوہ روایتی بینکوں کی سولہ اسلامی برانچیں بھی شرعی بینکاری کی سہولتیں مہیا کر رہی ہیں۔ اس سے قبل قاضی عبدالصمد نے اسلامی نظام میں بینکاری سسٹم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام میں سود حرام ہے لیکن چونکہ بینکاری نظام آج کی ضرورت ہے اس لئے اس میں اسلامی تعلیمات کے مطابق بینکاری کی تمام تر سہولتیں مہیا کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

انہوں نے اسلام کے تجارتی فلسفے پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اسلام نے جائز تجارت کو جائز طریقے سے کرنے کے اصول متعین کر دیئے ہیں جبکہ ان سے تجاوز حرام کے زمرے میں آئے گا۔ اس لئے ہمیں اسلامی تقاضوں کے مطابق ہی کاروبار کرنا ہو گا۔ اس سیمینار سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے محمد عارف اور سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد کے چیف مینیجر کاشف وقاص باجوہ نے بھی خطاب کیا اور اسلامی بینکاری بارے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیئے۔ اس موقع پر اسلامی بینکاری کے بارے میں ا یک پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ آخر میں ایگزیکٹو ممبر حاجی گلزار احمد نے قاضی عبدالصمد جبکہ سید شفیق شاہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اسلام آباد کے محمد عارف کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں