پاورلومز ورکرز اور مالکان کے مابین اجرتوں کی ادائیگی کا معاملہ طے ، ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر کی کوششوں سے جھنگ روڑ سیکٹر کے پاور لومز ورکرز اور مالکان کے مابین اجرتوں کی ادائیگی کا معاہدہ طے پاگیا ہے اور اب مالکان ورکرز کو مقررہ اجرت ادا کریں گے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے پاور لومز ورکرز اور مالکان سے الگ الگ میٹنگ کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد،ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان اور محکمہ محنت کے دیگر افسران کے علاوہ مزدور رہنما بابا لطیف انصاری،اسلم معراج،جھنگ روڑ سیکٹر کے پاورلومز ورکرز، پاور لومز مالکان اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کے گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پاورلومز ورکرز کی اجرت پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اپنا کردارموثر انداز میں ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاورلومز ورکرز کی اجرتوں پر عملدرآمد سمیت دیگر مسائل کا بخوبی ادراک ہے اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے اور ان کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاورلومز ورکرز اورمالکان کے مابین خوشگوار تعلقات کی بدولت ہی صنعتی ترقی اورروزگار کا حصول ممکن ہے لہذا احتجاج سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے ڈائریکٹر لیبر سے کہا کہ وہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پاورلومز ورکرز کی اجرت پر عملدرآمد کویقینی بنائیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں 18ہزار سے زائد سوشل سیکورٹی کارڈز بھی تیار کرکے ورکرز کے حوالے کئے گئے ہیں اورورکرز کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے پاور لومز مالکان اوران کے نمائندوں سے کہا کہ ورکرز کے حقوق کے تحفظ کا خیال رکھیں اورمتعلقہ قوانین کی پابندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم سے معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھیں۔اس موقع پر جھنگ روڑ سیکٹر کے پاور لومز ورکرز نے اجرتوں کی ادائیگی کا معاملہ حل کرانے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا جبکہ مالکان نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں