7 واں انٹرلوپ پریمئیر لیگ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا اقبال اسٹیڈیم میں آغاز

فیصل آباد(ویب ڈیسک)ضلعی انتظامیہ،فیصل آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اورانٹرلوپ کے اشتراک سے7واں انٹرلوپ پریمئیر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اقبال سٹیڈیم میں شروع ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔صدر یوتھ پارلیمنٹ پاکستان سردار ندیم صادق ڈوگر،صدر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن چوہدری محمدانور،کرنل اعجاز(انٹرلوپ)،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،کیئرٹیکر نوید نذیر،بابر ڈوگر کے علاوہ مختلف کلبز کے صدور،کھلاڑی اور شائقین کرکٹ موجودتھے۔

انٹرلوپ پریمئیر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 16ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں فیصل آباد سے 8کلبز کے علاوہ اسلام آباد،سرگودھا،بھکر،جھنگ،میانوالی،پی او ایف،سوات اور لاہور کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگرنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت فیصل آباد میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور کرکٹ کے ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کرکٹرز کو صلاحیتیں دکھانے کے مواقع ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کرکٹ،ہاکی،کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کی ترویج وترقی کے لئے متعدد اقدامات کے ساتھ مختلف کھیلوں کے مقابلے تسلسل کے ساتھ منعقد کرائے جارہے ہیں تاکہ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے۔انہوں نے انٹرلوپ پریمئیر لیگ میں شریک ٹیموں کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں شائقین کو کانٹے دارمقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔اس موقع پر انٹرلوپ کے نمائندہ نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 21روز جاری رہے گا اورمیچزاقبال سٹیڈیم اور بوہڑاں والی گراؤنڈ میں ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں