بلدیاتی نظام ختم کرنے کی حکومتی سازش کا مقابلہ کرنے کا اعلان ، مئیر محمد رزاق ملک

فیصل آباد (ویب ڈیسک)میونسپل کارپوریشن کمپلیکس میں پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے موجودہ بلدیاتی اداروں کے مجوزہ خاتمے کے خلاف ہنگامی اجلاس بلایا گیا ۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر محمد امین بٹ نے کی ۔ اجلاس میں تینوں ڈپٹی میئر زچوہدری عبد الغفور، محمد امین بٹ، شیخ یوسف، اور چیئرمینز /ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمینز نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو بچانے کے لیے پنجاب بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔ تمام چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور جنرل کونسلرز اپنے اپنے حلقہ جات میں عوام کو متحرک کریں گے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے خلاف ہونے والی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ممبران نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پنجاب گورنمنٹ عوام کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جبکہ پورے پاکستان میں پنجاب کے علاوہ تمام صوبوں میں بلدیاتی ادارے اور نمائندے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے بلدیاتی نمائندے ہر فورم پر ہر قسم کی قانونی و احتجاجی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ایوان نے میئر محمد رزاق ملک کے بلدیاتی اداروں کی بقاء کے احسن اقدام کو سراہا اور ہر سطح پر میئر محمد رزاق ملک کی قیادت میں بلدیاتی اداروں کے مجوزہ خاتمے کے خلاف آواز بلند کرنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمینز نے بھی میئر محمد رزاق ملک کی اس کوشش کو سراہا اور مستقبل قریب میں ان کا بھرپور ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ جس پر میئر محمد رزاق ملک نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب ملکر اپنے ادارے کے خلاف حکومتی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں آپ سب میری طاقت ہیں اور انشاء اﷲ ہم نئے بلدیاتی نظام کے خلاف ہر محاذ پر قانونی جنگ لڑیں گے اور مختلف فارمز پر احتجاج بھی کریں گے۔ میئر محمد رزاق ملک نے کہا کہ انشاء اﷲ بلدیاتی ادارے اپنی آئینی مدت ضرور پوری کریں گے۔ معزز چیئرمینز نے میئر محمد رزاق ملک پر حکومت پنجاب کی جانب سے درج کی گئی FIRکی بھی پر زور مذمت کی۔ میئر محمد رزاق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کے باقی صوبوں میں بلدیاتی ادارے اپنی مدت پوری کر رہے ہیں جبکہ پنجاب میں اس نظام پر شب خون مارا جارہا ہے باقی تمام صوبوں میں ہر طرح کے ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں جبکہ صرف پنجاب میں جب سے یہ حکومت آئی ہے تمام فنڈز روک دیئے گئے ہیں ۔ میئر محمد رزاق ملک نے مزید کہا کہ ہم نے اس نظام کو بچانے کے لیے پنجاب بھر کے بلدیاتی نمائندگان کی مشاورت سے لاہور میں مختلف وکلاء کے پینلز بھی ہائر کیے ہیں جو ہمیں قانونی معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلے پر پورا فیصل آباد متحد ہے اور میں بطور فادر آف دی سٹی ان بلدیاتی نمائندگان کو لیڈ کروں گا اور ہم کسی سے نہیں ڈریں گے کیونکہ عزت و ذلت اﷲ کے ہاتھ میں ہے اور اگر اﷲ نے ہمارے نصیب میں عزت لکھی ہے تو کوئی بھی ہم سے یہ عزت نہیں چھین سکتا۔ ا

جلاس میں پیش ہونے والی قرارداد میں کہا گیا کہ پانچ سال کی آئینی اور قانونی مدت پوری ہونے سے قبل موجودہ پنجاب حکومت کی طرف سے ان اداروں کو توڑ نے اور منتخب نمائندوں کو ان کے سیاسی و انتظامی و مالی اختیارات کو ختم کرنے کے خلاف ، چونکہ آئین پاکستان کی شق نمبر 140Aاور 32کی رو کے مطابق اختیارات حاصل ہیں ۔قرار داد کو کثرت ِ رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی میئر محمد امین بٹ نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اس نظام کو بچانے کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں