عید پر نئے کرنسی نوٹ کیسے حاصل کئے جا سکتے ہیں ؟؟ سٹیٹ بنک نے واضح کردیا

پاکستان اسٹیٹ بنک نے عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ بینک دولت پاکستان نے گزشتہ سالوں کی طرح رواں سال بھی عیدالفطر پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کیلئے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس کا اعلان کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلر کے مطابق عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد ای برانچز سے نئے نوٹوں کا اجرا 20مئی 2019 سے 31مئی 2019 تک جاری رہے گا، نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے ایک ایس ایم ایس پر چارجز تقریبا 2روپے جمع ٹیکس ہوں گے۔ اور اس طرح نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند فرد کو شارٹ کوڈ 8877پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا، جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ای برانچ کا کوڈ لکھنا ہوگا۔

جاری کی گئی گائیڈ لائن کے مطابق ایس ایم ایس بھیجنے والے فرد کو ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی، کوڈ زیادہ سے زیادہ دو یوم (ورکنگ ڈیز)کیلئے موثر ہوگا، صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ / اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔

اسٹیٹ بنک کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نئے نوٹ ملک بھر کے مختلف بینکوں کی 142 شہروں کی 1700شاخوں سے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی بینک کی بی ایس سی کے 16فیلڈ دفاتر سے بھی شہری نئے کرنسی نوٹ حاصل کرسکیں گے۔ اس حوالے سے بہت سے شہریوں نے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے وہ اس طریقہ کار کے مطابق نئے کرنسی نوٹس حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کامیاب نہیں ہوتے لیکن اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے اس نظام میں موجود خامیاں بھی دور نہیں کی جارہی ہیں جس پر تحفظات ہیں –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں