فیڈمک کی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی لازم

فیصل آباد (ویب ڈیسک) فیڈمک کی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں اس کام کو مزید تیزکیا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے نئے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے چینی کمپنی اوریل سرامکس کی طرف سے فیڈمک کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فیڈمک چینی کمپنی کو صنعتکاری کیلئے بین الاقوامی معیار کی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے یہ نیا یونٹ لگانے کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے سپیشل اکنامک زون میں جگہ مہیا کرے گی جبکہ اوریل سرامکس 70ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی پرکشش مراعات اور سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا عمل مزید تیز ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے جہاں فیصل آباد کے لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے وہاں پاکستان کو بھی معاشی طور پر مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کا یقین دلایا اور بتایا کہ انہیں یہاں امن و امان سمیت صنعتکاری کیلئے بہترین اور پر سکون ماحول مہیا کیا جائے گا۔ اوریل سرامکس کے سی ای اومسٹرلیوجنگ شنگ نے بھر پو ر تعاون کرنے پر میاں کاشف اشفاق اور فیڈمک کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اوریل سرامکس چینی کی ایک سرکردہ سرامکس کمپنی ہے جسے ہر قسم کی سرامک اور بورسلین ٹائلز بنانے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوالٹی کنٹرول کے اعلیٰ معیار کی وجہ سے اُن کی مصنوعات کو دنیا کے تمام بڑے اور ترقی یافتہ ملکوں میں بھی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اور بتایا کہ انہیں صنعتکاری کیلئے جگہ فوری طور پر مہیا کی جا رہی ہے جبکہ تین ماہ کے دوران موقع پر ترقیاتی و تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ادارہ اپنی صنعتی سرگرمیوں کیلئے چار سو سے زائد افراد کو روزگار بھی مہیا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فیڈمک کے تعاون سے مزید چینی سرمایہ کاروں کو بھی ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں صنعتیں لگانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی کے علاوہ مسٹرایلن،فیصل قاسمی اورمحمدذوبیربھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں