شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری ، کون کونسی ٹیمیں پاکستان آنے کے لئے تیار؟؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے شائقئن کرکٹ کو ایک بڑی خوشخبری دی ہے اب ملک میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی اور تمام کرکٹ کھیلنے والی بڑی ٹیمیں جلد پاکستان کے دورے شروع کردیں گی جس کی ابتدا رواں سال ستمبر میں سری لنکا کا دورہ ہو گا جس میں پاکستان ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کریگا –

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جن ٹیموں سے میچز اورسیریز کے لئے بات چیت چل رہی ہیں ان میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شامل ہیں اور جلد یہ ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔رواں سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرےگا جبکہ آئندہ سال ایم سی سی کی ہائی پروفائل ٹیم پاکستان آئے گی- اگلے تین سال میں پاکستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرکے اس جمود کو توڑنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں پی سی بی نے مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا تھا کہ 27 اور 28 مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہورہی ہے جہاں میں اور احسان مانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ میٹنگ میں ہم سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کیلئے بات پکی کریں گے، امید ہے کہ جون میں سری لنکا سے سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گے-

اسی طرح ایم ڈی پی سی بی نے یہ بھی واضح کیا کہ سری لنکا میں دہشتگردی کی وجہ سے قومی انڈر 19 ٹیم کا دورہ ملتوی ہوا تھا، اب انڈر 19 ٹیم 26 مئی سے 5 جون تک سری لنکا جارہی ہے اور5 ون ڈے ہمبنٹوٹا میں کھیلے گی، سری لنکا نے ہمیں سکیورٹی پلان بھیجا ہے اور ہم سری لنکا والوں سے دہشتگردی کے باعث اظہار یکجہتی بھی کررہے ہیں۔

ایم ڈی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انکی انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات چیت ہوئی ہے، 2022 ءمیں انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور اس دورے سے قبل ہم انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات اب بہت بہتر ہیں اس لیے آپ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجیں – 1998 ءکے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا بھی ہمارے لیے بڑا ٹاسک ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور سی ای او کیون رابرٹسن ورلڈ کپ دیکھنے کے بعد دو دن کے لیے لاہور آئیں گے ، 2022 ءمیں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس کے لیے ہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو سے مذاکرات شروع کررہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے بورڈ سربراہان سے ملاقاتوں کے بعد یہ امید واثق ہوئی کہ بہت جلد پاکستان میں کرکٹ کے عالمی مقابلوں کا انعقاد ہو گا جو پاکستان کا اور پاکستانی شائقین کا حق ہے اور اگر یہ معاملہ حل ہو جاتا ہے تو پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں ابھرے گا اور اس کا کریڈٹ کرکٹ بورڈ حکام کو جاتا ہے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں