عالمی کرکٹ کپ ، کس ٹیم میں نوجوان کھلاڑی شامل ، پاکستان کا کتنا نمبر ؟؟؟

ایک روزہ ورلڈ کپ 30 مئی سے انگلینڈ کے مختلف شہروں میں شروع ہو رہا ہے جس کے لئے تمام ٹیمیں آج کل وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں – ورلڈ کپ مقابلوں میں تمام ٹیموں نے اپنے اپنے بہترین سکواڈ منتخب کئے ہیں چند ٹیمیں نہایت تجربہ کار ہیں جبکہ بعض ٹیموں نے نئے اور نوجوان ٹیلنٹ پر بھروسہ کیا ہے جبکہ متعدد ٹیموں نے تجربہ اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج پیدا کرتے ہوئے سلیکشن کی ہے-

میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی سب سے عمر رسیدہ ٹیم کی بات کی جائے تو مسائل سے دوچار سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر سب سے زیادہ ہے ، اگر سری لنکا کے تمام کھلاڑیوں کی اوسط عمر دیکھی جائے تو وہ 29.9 سال بنتی ہے جس میں 36 سالہ جیون مینڈس، 35 سالہ لاستھ ملنگا، 32 سالہ سورنگا لکمل اور 31 سالہ اینجلو میتھیوز شامل ہیں- اس کے ساتھ عالمی کپ کی مضبوط اور فیورٹ ٹیمیں آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر بھی کچھ کم نہیں ہیں – جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کی اوسط عمر 29.5 ہے اور ان کے اسکواڈ میں 40 سالہ عمران طاہر بھی شامل ہیں جو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے سب سے زیادہ عمر کے کرکٹر ہیں- انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی عمریں بھی اوسطاً 29.5 ہیں جبکہ 5 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر، ان سے کچھ کم یعنی 29.4 ہے- اس کے ساتھ ساتھ بھارت کے کھلاڑیوں کی اوسط کی بات کی جائے تو وہ بھی 29.5 بنتی ہے جو تمام ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا اب تک کا بھارت کا سب سے عمر رسیدہ اسکواڈ ہے- واضح رہے کہ 2015 کے ورلڈ کپ
کی نمبر دو ٹیم نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 29 سال ہے، اس ٹیم کے سب سے زائد العمر کھلاڑی روس ٹیلر ہیں، جن کی عمر 35سال ہے۔

اب بات کرتے ہیں دیگر ٹیموں کی جن میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی اوسط عمر 28 سال بنتی ہے، اس ٹیم کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی جارح مزاج اوپننگ بلے باز کرس گیل ہیں جن کی عمر ہے 39 سال ہے – اس کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں 19 سالہ محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی کے باوجود پاکستانی ٹیم کی کُل عمر 414 بنتی ہے اور اس لحاظ سے پاکستانی ٹیم کی اوسط عمر 27.6 ہے، پاکستان کے محمد حفیظ 38 اور شعیب ملک کی عمر 37 سال ہے-

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرفی مرتضیٰ کی شکل میں 35 سالہ کپتان ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم کا شمار بھی عالمی کپ کی نوجوان ٹیموں میں ہوتا ہے جہاں اس ٹیم کی اوسط عمر 27.3 بنتی ہے، اس اسکواڈ کے سب سے نوجوان کھلاڑی 21 سالہ مہدی حسن میراز ہیں۔ اس طرح عالمی کپ میں شرکت کرنے والی سب سے کم عمر ٹیم افغانستان کی ہے جس کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 27.2 بنتی ہے، 18 سالہ مجیب الرحمٰن اس ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش نے دوسرے اور افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کو عالمی کپ کا حصہ بنایا ہے – یاد رہے کہ وارم اپ میچ میں افغناستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد کھیل ماہرین نے افغانستان کو ڈارک ہارس قراردیا ہے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں