انڈسٹریل سٹی کی بدولت ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن، مشیرتجارت سے چیئرمین فیڈمک کی ملاقات

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس و صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3300 ایکڑ پر محیط ایک وسیع و عریض انڈسٹریل سٹی ہے جس میں 400 سے زائد صنعتیں لگیں گی اور اڑھائی لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے-انہوں نےبتایا کہ اس منصوبے پر 400 ارب سے زائد کی اندرون اور بیرون ملک سے سرمایہ کاری متوقع ہے اور منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان رواں ماہ کریں گے-

چیئرمین نے مزید بتایا کہ فیڈمک نے اپنے کسٹمرز کو ہمیشہ سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کیں اور تمام صنعتکاروں کے مسائل ون ونڈو آپریشن کے تحت مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جس کے باعث سرمایہ کاروں کا فیڈمک پر اعتماد روزبروز بڑھ رہا ہے- فیڈمک اس سے قبل ایم 3 جیسا شاندار اور کامیاب پراجیکٹ مکمل کرچکا ہے جہاں پر اس وقت سینکڑوں انڈسٹریز کام کررہی ہیں –

میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام کررہے ہیں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھے اور ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہو ، امپورٹ میں کمی آئے تاکہ تجارتی خسارہ کم اور زیادہ سے زیادہ افراد کو روزگار میسر آئے اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے –

مشیر وزیراعظم برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود نے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی حقیقی معنوں میں ایک مکمل انڈسٹریل سٹی ہے اس قسم کے ماڈلز کی بدولت پاکستان میں صنعتیں پروان چڑھیں گی اور ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا- انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ میں اضافہ ملک کی اہم ضرورت ہے اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جیسے پراجیکٹس کی بدولت ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ اور ملک ترقی کریگا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں