عید الفطر پر کونسی “زویا” نے شائقین کے دل جیت لئے ، ریلیز فلموں کی رپورٹس

پاکستان میں عید الفطر کا دن ایسا ہوتا ہے جب بڑی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں کیونکہ شائقین فلموں کا لطف اٹھانے کے لئے سینما گھروں کارخ کرتے ہیں جس سے فلم کی کمائی میں اضافہ ہوتا ہے – رواں سال بھی عید الفطر پر دو بڑی فلموں رانگ نمبر 2 اور چھلاوہ ریلیز ہوئیں‌اور‌دونوں ہی فلموں کی کاسٹ ، ڈائریکشن اور پروڈکشن کی طرف سے عید کا میلہ جیتنے کے دعوے کئے گئے تھے –

عید الفطر پر دونوں فلمیں ریلیز ہوئی توشائقین نے دونوں فلموں کو پذیرائی دی لیکن اگر مقابلے کی بات کی جائے تو یہ مقابلہ مہوش حیات کوشکست دے کر نیلم منیر نے جیت لیا ہے ، کیونکہ عید پر مہوش حیات کی فلم چھلاوہ جبکہ نیلم منیر کی رانگ نمبر 2 ریلیز ہوئی لیکن شائقین نے رانگ نمبر 2 کو کامیاب قرار دیا ہے –

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلم منیر نے ثابت کیا اب اس کا دور آرہا ہے۔ نیلم نے فلموں کی سپر ہٹ اداکارہ مہوش حیات کو باکس آفس پر بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ نیلم نے اپنی دوسری ہی فلم میں ثابت کر دیا کہ وہ پاکستانی فلموں کی صفِ اوّل کی فن کارہ بننے جا رہی ہیں کیونکہ اگر ہدایت کار یاسر نواز کی فلم ’’رانگ نمبر 2‘‘ سے نیلم منیر کو الگ کر دیا جائے تو باقی کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ انہوں نے فلم کے ایک، ایک سین میں جم کر اداکاری کی۔ ’’زویا‘‘ کے کردار میں نیلم نے سینئر اداکار جاوید شیخ کے مدِمقابل جم کر اداکاری کی – سینما اسکرین پر فلم کے ہیرو سمیع خان کو زیرو ثابت کر دیا۔ فلم کے ہر سین میں وہ ہیرو پر غالب نظر آئیں۔ فلم میں سمیع خان بھرتی کے ہیرو ثابت ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق عید پرشائقین کو یہ امید تھی کہ مہوش حیات کی فلم اپنا رنگ جمائے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔ اس میں مہوش کا قصور کم ڈائریکٹر وجاہت رئوف کا زیادہ ہے۔ چھلاوہ میں مہوش کے کردار کا نام بھی ’’زویا‘‘ تھا۔ ’’رانگ نمبر 2‘‘ میں نیلم منیر بھی زویا کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اس طرح دونوں فلم سٹارز کے نام بھی ایک اور فلمیں بھی عید پر ریلیز ہوئیں لیکن زویا یعنی نیلم منیر نے یہ میلہ لوٹ لیا اور صدارتی ایوارڈ جیتنے والی مہوش حیات پیچھے رہ گئی ہیں –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں