آصف زرداری اور فریال تالپور کو کسی مقصد کے لئے گرفتار کیا ؟ بلاول بھٹو زرداری نے بتادیا

سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہنگامی پریس کانفرنس میں شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے ملک پر مسلط ہیں۔ ملک میں سیاسی انتقام کا ایک اور باب سمجھ آیا ہے، فریال تالپور کو اسلام آباد میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب کا ادارہ صرف اور صرف سیاسی انتقام کرتا ہے، یہ ادارہ صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے، کسی فرشتےکو بھی چیئرمین بنا دیں، اس نے یہی کام کرنا ہے۔ نیب چیئرمین نے کہا تھا اگر حکمرانوں کے خلاف کارروائی ہوئی تو حکومت گر جائے گی، اس کے بعد چیئرمین کے خلاف جو ہوا اس پر ابھی تک خاموشی ہے، یہ سب وزیر داخلہ کروا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج جنرل مشرف کی طرح عمران خان نے بھی عدلیہ پر حملہ کیا ہے، عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے تھے لیکن اب دو پاکستان ہیں۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو سیاسی مقاصد کے لیے گرفتار کیا گیا، گرفتاریوں کا مقصد معاشی قتل سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا عوام بتائیں مشرف کے پاکستان اور عمران خان کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ انہوں نے اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کے پاکستان اور عمران کے پاکستان میں وردی کا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ چادر اور چار دیواری کی پاسداری نہیں کرتے وہ بزدل ہوتے ہیں لیکن چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے اس ملک پر مسلط ہیں۔ وہ کہتا ہے میں نے کیا بگاڑا، آپ نے میرے والد کو جیل میں ڈالا، کچھ نہیں بگاڑا، میری پھوپھی کو گرفتار کیا، کچھ بھی نہیں بگاڑا لیکن آپ نے عوام کا جینا دو بھر کیا، اس پر اعتراض ہے۔ ہم لڑیں گے، مقابلہ کریں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، یاد رکھیں آپ کے گھر میں بھی بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ بجٹ اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی اپنی عوام رابطہ مہم کا اعلان کرے گی اور آل پارٹیز کانفرنس بھی جلد ہو گی جس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے موثر حکمت عملی تیار کی جائے گی ، چیئرمین کے علاوہ پیپلزپارٹی کے دیگر راہنمائوں نے بھی فریال تالپور کی گرفتاری کی پرزور مذمت کی اور اسے انتقامی سیاست کانام دیا اور کہا کہ یہ انتقام جلد ختم ہو جائے گا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں