ستارہ کیمیکلز کے مزدوروں کے لئے 225 مکانوں کی تعمیر مکمل ، الاٹمنٹ لیٹر تقسیم

فیصل آباد (ویب ڈیسک) فیصل آباد سے صنعتی مزدوروں کیلئے سستے اور بنے بنائے گھروں کا منصوبہ عظیم قومی منصوبے کی شروعات ثابت ہوگا جس سے ملک کے لاکھوں ورکروں کو آسان اقساط پر گھر مہیا کئے جا سکیں گے۔یہ بات فیصل آبادکے ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر نے آج شیخوپورہ روڈ پر اڈا جوہل کے صفیہ ہومز میں ستارہ کیمیکل کے مزدوروں کیلئے سوا دوسو مکان کی تعمیر کے پہلے مرحلہ میں 75مکانوں کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم ادارے اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں جبکہ ستارہ کیمیکل نے اس سلسلہ میں انتہائی جراتمندانہ اور قابل صد تحسین عملی اقدام اٹھایا ہے۔ جس کیلئے چیئرمین ستارہ کیمیکل گروپ میاں محمد ادریس مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستارہ کا یہ اقدام یقینا دوسرے صنعتی اداروں کیلئے ایک زندہ مثال ثابت ہو گا اور وہ بھی اپنے ملازمین کیلئے بہت جلد ایسی فلاحی سکیمیں شروع کریں گے۔

اس سے قبل ستارہ کیمیکل گروپ کے چیئرمین میاں محمد ادریس نے بتایا کہ اس ادارہ کے بانی حاجی بشیر احمد مرحوم اپنے ملازمین کو رہائش کیلئے پلاٹ مہیا کرنا چاہتے تھے مگر الحمد اﷲ آج ہم اپنے ملازمین کو پلاٹوں کی بجائے بنے بنائے سستے گھر دے رہے ہیں۔ میاں محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 7لاکھ گھروں کی ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے طلب و رسد کے حوالے سے یہ فرق کم ہونے کی بجائے بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ والد محترم کی خواہش کی تکمیل کیلئے صفیہ ہومز کے ساتھ فروری 2018ء میں معاہدہ کیا اور ایک سال سے بھی کم عرصہ میں پہلے مرحلہ کے 75گھروں کیلئے الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سوا دو مرلہ اور 3.4مرلہ کی تین کیٹگریز کے مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ 25سال سے زائد سروس والے ورکروں کو سوا دو مرلہ کے تعمیر شدہ مکان ملیں گے۔ اس کیٹگری کے ایک گھر کی قیمت 11لاکھ 20ہزار روپے ہوگی جس کا 75فیصد ستارہ کیمیکل اداکرے گا جبکہ صرف 25فیصد رقم متعلقہ ورکر سے 5سے 7سال کی آسان اقساط میں وصول کی جائے گی۔ اسی طرح اسسٹنٹ سپروائزر اور آفیسر کیلئے 2کمروں پر مشتمل 3.4مرلہ کے گھر تعمیر کئے گئے ہیں۔ ان مکانوں کی لاگت کا 60فیصد ادارہ جبکہ باقی 40فیصد متعلقہ ملازم دے گا۔ سینئر آفیسر اور سینئر ڈپٹی مینیجرز کو 3کمروں پر مشتمل تعمیر شدہ مکان مہیا کئے جائیں گے 16لاکھ روپے لاگت کے ان مکانوں کا 50فیصد ستارہ کیمیکلز جبکہ بقیہ 50فیصد متعلقہ ملازم دے گا۔

میاں محمد ادریس نے مزید بتایا کہ ریٹائرڈ یا دوران سروس انتقال کر جانے والے ملازمین کے خاندانوں کی مالی حالت کے پیش نظر انہیں مفت گھر فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے جس کیلئے حقدار خاندانوں کی تصدیق کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد مینیجرز اور سینئرز کو بھی مکان مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری افسروں ، تاجروں ، صنعتکاروں اور ستارہ کیمیکلزکی مینجمنٹ کے علاوہ ستارہ ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد انیسنے بھی شرکت کی۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے مستحق اور اہل ملازمین میں تعمیر شدہ گھروں کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کئے۔ جبکہ آخر میں ایگزیکٹوڈائریکٹرستارہ کیمیکل میاں حسیب احمدنے مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں