فیصل آباد کی جلوی مارکیٹ میں آپریشن ، سینکڑوں چھوٹے روزگار والے بیروزگار

فیصل آباد(ویب ڈیسک)فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا جلوی مارکیٹ میں تجاوزات کی آڑ میں ضلعی انتظامیہ نے کمشنر فیصل آباد کے حکم پر آپریشن کرکے سینکڑوں دکانوں پر لگائے گئے شیڈ اور تھڑے مسمار کردئیے، علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد میونسپل کارپوریشن کا عملہ دکانداروں ، ٹھیلے لگانے والوں ، پھٹے لگانے والوں پر ٹوٹ پڑا اور ان تمام کو مسمار کر دیا گیا جس پر وہ سراپا احتجاج بن گئے –

جلوی مارکیٹ میں وہ غریب لوگ جو دکانوں کے بھاری کرائے ادا نہیں کرسکتے انہوں نے دکانوں کے باہر کم کرائے پر پھٹے لگائے ہوئے تھے اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال رہے تھے، لیکن آج ان سے یہ روزگار بھی چھین لیا گیا، کچھ لوگ اسکو تجاوزات کا نام دیکر خوش ہورہے ہیں، جلوی مارکیٹ کا شمار فیصل آباد کی بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے، جہاں سینکڑوں لوگوں کا کاروبار چل رہا تھا، مہنگائی کے اس دور میں جہاں پہلے ہی کاروبار بند پڑے ہیں، ایمدرائیڈری انڈسٹری بند، ڈائینگ یونٹس بند، ٹیکسٹائل انڈسٹری بحران کا شکار اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے، تبدیلی سرکار نے لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن چھوٹے دکاندار بھی تبدیلی کے عذاب سے نہ بچ پائے اور آج بھیگی آنکھوں، کانپتے ہونٹوں اور پریشانی کے عالم میں اپنا کاروبار تباہ ہوتا دیکھتے رہے اور کچھ نہ کر پائے، انکی آنکھوں کے سامنے انکی محنت سے بنائی گئی دکانیں، شیڈ اور تھڑے گرا دئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں