زرعی یونیورسٹی داخلے ، انٹری ٹیسٹ کب ہونگے ؟؟؟ تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

فیصل آ باد(ویب ڈیسک)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز کے لئے دوسرا انٹری ٹیسٹ اتوار 21جولائی‘ایم فل اور ایم ایس کیلئے انٹری ٹیسٹ 30جولائی اور پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے جی آر ای (سبجیکٹ) ٹیسٹ 31جولائی کو منعقد ہوگا۔

انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) کی زیرصدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بڑھتی ہوئی گرمی اور حبس کے تناظر میں طلبہ کی سہولت کیلئے فیصلہ کیا گیاکہ مجوزہ انٹری ٹیسٹ کو عام امتحانی کمروں کے بجائے تین یا چار مختلف سیشنز میں ایئرکنڈیشنڈہالز میں ہی منعقد کیا جائے تاکہ اُمیدوار مکمل یکسوئی کے ساتھ ٹیسٹ میں شامل ہوسکیں۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ گزشتہ انٹری ٹیسٹ کے انعقاد میں سامنے آنے والے مسائل اور مشکلات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اُمیدواروں اور ان کے والدین کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کنونیئر ایڈمشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ ٹیسٹ کے حوالے سے مکمل معلومات ویب سائٹ پر مہیا کی جائیں اور ہر اُمیدوار کو ٹیسٹ سیشن کی ٹائمنگ‘مقام اور ٹریفک پلان کے حوالے سے مکمل رہنمائی رول نمبر سلپ میں ہی مہیا کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی طور پر وہ انتہائی شفیق اور درگزرکرنیوالے انسان ہیں تاہم فرائض کی ادائیگی میں غفلت کوہرگزبرداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے آئی ٹی ٹیم کو ہدایت کی کہ دوسرے اداروں کی طرح یونیورسٹی کو پیپرلیس اور آئی ٹی گورننس سے منسلک کرنے کیلئے محنت کریں اس کیلئے یونیورسٹی انہیں ہر طرح کی تربیت اور وسائل فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے پرنسپل آفیسرای سی ڈی و سٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر لئیق اکبر لودھی کو ہدایت کی کہ ٹیسٹ والے دن بجلی کی بلاتعطل فراہمی‘ ایئر کنڈیشنڈز کی درستگی اور دوسری ضروریات کیلئے کم از کم ٹیسٹ سے دودن قبل انتظامات کا حتمی جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی نقص یا کمی کی صورت میں بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز کو ہدایت کی کہ سائنس مضامین میں ایم ایس و ایم فل داخلوں کیلئے ایئرکنڈیشنڈ ماحول میں انٹری ٹیسٹ ایک ہی دن مختلف سیشنز میں مکمل کئے جائیں جبکہ دوسرے مضامین اور پی ایچ ڈی کیلئے جی آر ای (سبجیکٹ) ٹیسٹ کا انعقاد31جولائی کو کیا جائے۔اجلاس میں ڈین کلیہ زراعت و کنونیئر انٹری ٹیسٹ ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ کنونیئر ایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ٹریژرطارق سعید‘ ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمرسعید قادری‘ ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر عبدالخالق‘ پرنسپل کمیونٹی کالج ڈاکٹر حق نواز بھٹی‘ ناظم امتحانات ڈاکٹر طاہر صدیقی‘ پرنسپل آفیسر انجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈاکٹر لئیق اکبر لودھی و دیگر بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں