ورلڈ کپ میں ہار ، پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی بارے فیصلہ لیکن کب تک ؟؟

پاکستان کرکٹ ٹیم جب سے ورلڈ کپ سے باہر ہو کر وطن واپس پہنچی ہے اس وقت سے یہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جارہے ہیں اور ان میں ان کی چھٹی ہونا بھی خارج از امکان نہیں ہے – اب اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم کی انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق اہم فیصلے چند ہفتوں میں کر لیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ، میری اننگز تو اب شروع ہوئی ہے، نئی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلے چند ہفتوں میں کر لیے جائیں گے،جب میں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو ورلڈکپ میں کچھ ہی ماہ باقی تھے اور اسی وجہ سے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ نہیں کیا-تبدلیوں کے معاملے میں جلدی نہیں کر رہے، تاہم اہم نوعیت کے فیصلے پہلے لیے جائیں گے۔

اانہون نے واضح کیا کہ آئندہ 4 سال کے دوران قومی ٹیم کی سرگرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی تمام فیصلے لیے جائیں، جبکہ تبدیلی کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار کو اپنایا جائے گا- ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات معمول کے مطابق تھی جس میں انہوں نے بطور ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کی رپورٹ سے قبل اس بارے میں کوئی جواب نہیں دیا جاسکتا۔ اسی طرح کرکٹ کمیٹی کی رپورٹ سے قبل اس معاملے پر بھی کچھ کہنا نامناسب ہوگی۔

واضح رہے کہ کرکٹ حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ اب کوچنگ سٹاف سمیت سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں لیکن اب اس حوالے سے فیصلہ کب کیا جائے گا جلد سامنے آ جائے گا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں