پاکستانی نژاد باکسر عامر خان ویلٹر ویٹ چیمپین بن گئے، کون مبارکباد دینے رنگ میں پہنچ گیا؟؟

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام مقابلوں میں آسٹریلیا کے باکسر بلی ڈب کو ناک آئوٹ کرتے ہوئے ویلٹر ویٹ چیمپئن کااعزاز حاصل کر لیا ہے جس پر پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف نے انہیں باکسنگ رنگ میں جا کرمبارکباد دی –


میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں ہونے والی اس فائٹ کے آغاز میں ہی عامر خان حریف پر تابڑ توڑ مکے برساتے دکھائی دیے اور مقابلے کے چوتھے راؤنڈ میں ہی عامر خان نے آسٹریلین حریف بلی ڈب کو ناک آؤٹ کرکے ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کر لی –

فائٹ میں جیت سے ہمکنار ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامیاب باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ فلپائن سے تعلق رکھنے والے سابقہ چیمپیئن مینی پاکیو سے مقابلہ کرنے کی خواہش مند ہوں اور توقع ہے یہ خواہش جلد پوری ہو جائے گی – واضح رہے کہ جدہ میں عامر خان سے بھارتی باکسر نیراج گویت نے مقابلہ کرنا تھا تاہم کار حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے نیراج اس مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد آسٹریلیا کے صف اول کے باکسر بلی ڈب نے عامر خان کے خلاف مقابلے کا فیصلہ کیا تھا لیکن وہ عامر خان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے –

علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر سامنے آئیں جن میں پاکستان آرمی کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو عامر خان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے اور انہوں نے باکسنگ رنگ میں جا کر کامیاب باکسر عامر خان کو مبارکباد دی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں