فیڈمک میں مزید صنعتوں کے قیام ، مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کاعزم

فیصل آباد (نیوز ڈیسک)فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس فیڈمک آفس(چیمبر آف کامرس) کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب طاہر خورشید،چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق اور ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی نے شرکت کی جبکہ صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدارحسین،چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈمک میاں عامر سلیمی،اکاؤنٹ آفیسر پرویز اختر کے علاوہ ماحولیات اور دیگر محکموں کے افسران اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران آڈٹ رپورٹس،مزید انڈسٹریز کے قیام کے لئے اضافی اراضی کے حصول،قرضہ حاصل کرنے کا معاہدہ ودیگر امور زیر بحث آئے۔سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتکاری کے فروغ کے لئے انتظامی وفنی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے تاکہ وسیع اراضی پر قائم اس بڑی صنعتی بستی کے معاشی میدان میں فوائد نمایاں طور پر اجاگر ہوں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں حائل بعض مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بڑی صنعتوں کے قیام کے سلسلے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا میگاپراجیکٹ اندرون وبیرون ملک سے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی اہم اور شاندار منصوبہ ہے جسے درپیش بعض مسائل کے حل میں ضلعی انتظامیہ بھرپور معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈمک کی ماہانہ کارکردگی سے بھی اجلاس کو آگاہ رکھا جائے جس میں صنعت کاری کے قیام میں تازہ ترین پیشرفت،انتظامی وفنی امور کو ملحوظ خاطر رکھیں۔چیئرمین نے فیڈمک کے انتظامی ڈھانچے،انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعت کاری کے اقدامات وطریقہ کارودیگر امور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کے زیراہتمام ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کے علاوہ چائنیز لیگوئج کورسز،سکول وبنیادی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن،شجرکاری،کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اوردیگر اقدامات کئے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں