عید الاضحی کی آمد ، قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کے نئے طریقے ؟؟؟

عید قربان میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے جس کے باعث قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت میں بتدریج تیزی آ رہی ہے ، جبکہ اپنے کاروبار ، ملازمتوں سمیت دیگر معاملات میں پھنسے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے جانوروں کی آن لائن فروخت کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے – قربانی کاجانورخریدنے والوں کو اب مویشیوں منڈیوں میں دھکے کھانے کی بجائے آن لائن قربانی کے لئے بکرا، چھترا اوربیل مِل جاتا ہے تاہم آن لائن خریداری میں دھوکا اورفراڈکے واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں – اس حوالے سے اب فیس بک پردرجنوں پیکج بھی سامنے آئے ہیں جہاں سے آپ باآسانی اپنی جیب کے حساب سے من پسندجانورخریدسکتے ہیں۔ فیس بک پیجزپربکرے، چھترے، بیل اوراونٹ کی تصاویر، ویڈیو کے ساتھ ساتھ اس کا وزن، عمراورصحت سے متعلق معلومات بھی دی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے قربانی کے لئے جانورپسندکرنا آسان ہوہوجاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن قربانی کے جانوروں کی خریداری کی آفرفراہم کرنیوالی ایک کمپنی کے نمائندے تنویر کا کہنا تھا کہ وہ لوگ بکروں، چھتروں اوربیل پالنے والے مختلف فارمرزسے رابطے میں رہتے ہیں۔ فارم ہاؤس پرپرورش پانے والے صحت مندجانوروں کی ویڈیوزاورتصاویرلے کر اپنی ویب سائٹ پرشیئرکردیتے ہیں، ہرجانورکی قیمت اس کے وزن ، صحت اورعمرکے حساب سے طے کی جاتی ہے، لہذاخریدارکے لئے یہ ایک بہترین آپشن ہوتا ہے- اسی طرح قربانی کے جانوروں کے ساتھ ساتھ آن لائن قربانی کی سہولت فراہم کرنیوالی متعدد کمپنیاں اور ادارے بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کمپنیوں کی توجہ زیادہ تربیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ویب سائٹ پراپنی پسند کے جانورکی ادائیگی کرتے ہیں اوران کی بتائی گئی ہدایات کے مطابق قربانی کا گوشت تقسیم کردیاجاتا ہے۔ کئی فلاحی اوررفاحی ادارے جن میں ایدھی فاؤنڈیشن، منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن، الخدمت فاؤنڈیشن، شوکت خانم سمیت دیگرادارے شامل ہیں ان کی طرف سے اندورن اوربیرون ملک مقیم مسلمانوں کو آن لائن قربانی اور اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے کی سہولت دی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں