فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے زیراہتمام کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بڑی ریلی

فیصل آباد( نیوزڈیسک )ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حارجیت کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی ‘ ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی ‘ سی پی او اظہر اکرم اور ارکان اسمبلی چوہدری لطیف نذر ‘ فردوس رائے نے کی ۔ ریلی میں ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی ‘ خادم حسین جیلانی ‘ اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر ‘ مصور خان نیازی ‘ ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری ‘ چیف ٹریفک آفیسر آصف ظفر چیمہ ‘ صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار حسین ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا ‘ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد کے علاوہ ڈویژنل و ضلعی محکموں کے دیگر افسران ‘ این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی آفس سے ہوتی ہوئی ہلال احمر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان ‘ کشمیر کی آزادی ناگزیر کے فلک شگاف نعرے لگائے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا ۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں بھاری جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ہم سب پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سوچ جلد طلوع ہو گا ۔کمشنر نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ ہیں اور بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کی ریلی میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے کوئی محروم نہیں کر سکتا ۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے بھارتی مظالم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ وہ بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں