اٹلس ہونڈا نے اپنی تمام موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ، کتنا اور کتنی مرتبہ ؟؟؟

پاکستان کی معیشت ایک سال کا عرصہ سے بتدریج گراوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے مختلف کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جبکہ متعدد کمپنیاں ایسی بھی ہیں جو گذشتہ ایک سال کے دوران اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں باربار اضافہ کررہی ہیں اور اٹلس ہونڈا نے اپنی موٹرسائیکلوں کی قیمتیں بتدریج بڑھا دی ہیں –

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلس ہونڈا نے موٹرسائیکلوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 4 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے، جن کا اطلاق یکم ستمبر سے ہو چکا ہے – کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی ڈی 70، سی ڈی ڈریم اور پرائڈر کی قیمتوں میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا – اس نئے اضافے کے بعد سی ڈی 70 کی قیمت 73 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 74 ہزار 900 روپے، سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 77 ہزار 900 سے بڑھ کر 78 ہزار 900 روپے، جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 500 روپے ہوگئی ہے – اس کیساتھ ساتھ اب سی جی 125 کی قیمت ایک لاکھ 23 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 500 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت ایک لاکھ 44 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 46 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 48 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 70 ہزار 500 روپے جبکہ سی بی 125 ایف اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 72 ہزار 500 روپے کردی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی 150 ایف کی قیمت 4 ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 5 ہزار500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 9 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے – سی بی 250 ایف کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور وہ بدستور 6 لاکھ 40 ہزار روپے ہے – واضح رہےکہ اس سے قبل اٹلس ہونڈا نے رواں سال کے دوران کم از کم 3 بار موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ قرار دیا گیا تھا – اس بار کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر ممکنہ طور پر روپے کی قدر میں کمی کو ہی جواز بنایا گیا ہے- واضح رہے کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے 90 فیصد سے زائد لوکلائزیشن کے دعوے کے باجود 2018 میں کم از کم 6 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا-

موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی پرمزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں پہلے ہی کئی مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے . اب موٹرسائیکل کی قیمتوں میں نئے اضافہ پر عوام نے شدید تحفظات کااظہار کیا ہے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں