وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید اور ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری کا کامیاب دورہ جاپان ، مقاصد کیا؟

فیصل آباد(نیوزڈیسک)وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید اور مینجنگ ڈائریکٹر فقیر محمد چوہدری کامیاب دورہ جاپان کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔یوکاہاما واٹرورکس بیورو کی دعوت پر اس دورہ کے دوران اپنے مشاہدات اور تجربات کو باہمی منتقل کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے اور ورکشاپس میں شرکت کی-

مینجنگ ڈائریکٹر فقیر محمد چوہدری نے اس دورہ کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ جاپان یوکاہاما واٹرورکس بیورو کی دعوت پر حکومت پنجاب کی اجازت سے کیا گیا جس کا مقصد مستقبل میں واسا فیصل آباد کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور واسا آفیسرز کو ٹریننگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید اور یوکوہاما واٹرورکس بیورو کے اعلی آفیسرز کی موجودگی میں ڈائریکٹر جنرل یوکوہاما واٹرورکس مسٹرکاکا ہیرویاماکوما اور ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید اور ایم ڈی واسا فقیر محمدچوہدری کے تقریب میں پہنچنے پریوکوہاما واٹرورکس بیوروکے آفیسرز نے پرتپاک انداز میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل مسٹر کاکا ہیرو نے بھی تالیوں کی گونج میں خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے باہمی ٹیکنیکل ایکسپرٹیز کے گورنمنٹ کی سطح پر تبادلہ کی پیش کش کی ۔ مسٹرکاکاہیرو نے واسا فیصل آباد کی شہریوں کو پانی اور سیوریج کی بہترسہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید اور ایم ڈی فقیرمحمد چوہدری نے واسا آفیسرز کو ٹریننگ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے واٹرورکس ایڈمنسٹریشن کا شکریہ ادا کیا جس کے تحت 4 واسا انجینئرز کی ٹیم جنوری 2020 کے پہلے ہفتے میں 15 دنوں کی ٹریننگ کیلئے جاپان جائیگی پھر اسی طرح کے چار چار آفیسرز2021 اور2022 میں بھی ٹریننگ حاصل کرنے کیلئے جاپان جائیں گے جس کے تمام اخراجات یوکوہاما واٹرورکس بیورو برداشت کریگا۔

مینجنگ ڈائریکٹر فقیر محمد چوہدری نے خاص طور پر مسٹرموراکامی اور مسٹر سی گاوا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ماسٹر پلان سٹڈی کے دوران واسا آفیسرز کے لئے اس ٹریننگ کو ضروری تصور کیا۔ ڈائریکٹرجنرل یوکوہاما واٹرورکس نے بتایا کہ ان کا ادارہ پہلی مرتبہ اس طرح کا تعاون پیش کررہا ہے اور اس حوالے سے جلد ہیYWWB کی ٹیم واسا فیصل آباد کا دورہ بھی کریگی اور واسا سائٹس پر ہی واسا آفیسرز کی ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس کے اخراجات بھیYWWB برداشت کریگا۔

وائس چیئرمین اور ایم ڈی واسا نے اس دورہ کے دوران جائیکا ہیڈ کوارٹر ٹوکیو کا دورہ بھی کیا اور مستقبل میں 6 ارب روپے لاگت جائیکا گرانٹ سے شروع ہونے والے پراجیکٹس کے حوالے سے میٹنگز کیں۔ وائس چیئرمین اور ایم ڈی نے اپنے دورہ جاپان کی تفصیلات سے آگہی کے لئے پاکستان سفارتخانہ ٹوکیو کا دورہ بھی کیا اور پاکستانی سفیر مسٹر امتیاز خان کو دورہ کے مقاصدسے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں