سرفراز کپتان ہیں ہی نہیں ، مصباح کی ڈوریں کون ہلا رہا ہے؟؟ عاقب جاوید نے کھلی باتیں کردیں

پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کیخلاف ٹی 20 ہوم سیریز پہلے ہی ہار چکے ہیں اور آج تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو وائٹ واش سے بچنے کی پریشانی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم ، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ پر بھی خاصی تنقید کی جارہی ہے – اب سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو آڑے ہاتھوں لیا ہے –

انہوں نے دونوں پر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ بھی اُن کا اپنا نہیں ہے، سرفراز احمد کپتان ہیں ہی نہیں، جیسا کوچ آتا ہے وہ ویسے کپتان بن جاتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں مان نہیں سکتا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ مصباح کا ہے – نکالنے والے اب کیسے دونوں کرکٹرز کو ٹیم میں منتخب کر سکتے ہیں؟

واضح رہے کہ آج تیسرا ٹی 20 میچ لاہور میں کھیلا جارہا ہے جس کے لئے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ ان کی ٹیم میں شمولیت اور انتہائی ناقص کارکردگی پر بہت زیادہ تنقید کی جارہی ہے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں