صنعتوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کیلئےفیڈمک میں تربیتی ادارہ ، معاونت کون کریگا؟؟

فیصل آباد (کامرس ڈیسک)

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے سپیشل اکنامک زونز میں لگنے والی صنعتوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے ٹیوٹا کے اشتراک سے تربیتی ادارہ قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے چیئرمین ٹیوٹا علی سلیمان صدیق سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر یہ طے پایا کہ فیڈمک کی طرف سے ٹیوٹا کو سپیشل اکنامک زونز میں کلاسز کے آغاز کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی اور ابتدائی طور پر انڈسٹریل الیکٹرونکس، مکینیکل، میکا ٹرکس، سول، چائنیز لینگوئج اور کمپیوٹر کورسز میں داخلے کئے جائیں گے۔

میاں کاشف اشفاق کے مطابق جب تک فیڈمک کے قائم کردہ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی فکیلٹی تیار نہیں ہو جاتی ٹیوٹا کی طرف سے فکیلٹی کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کورسز کو مکمل کرنے والے افراد کو ٹیوٹا سرٹیفیکٹ جاری کرے گا جبکہ فیڈمک کی طرف سے انہیں سپیشل اکنامک زونز میں لگنے والی صنعتوں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا ہے کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں اگلے چار سال کے دوران مختلف شعبہ جات میں مجموعی طو پر چار لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ملازمین کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انڈسٹری سے بھی مشاورت کی گئی ہے تاکہ ان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبہ جات کے لئے درکار افرادی قوت کو پورا کرنے کے لئے لیبر کو ایڈوانس جاب کنٹریکٹ دے کر تربیت فراہم کی جائے گی اور تربیت مکمل ہوتے ہی انہیں ملازمت پر رکھ لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں