محکمہ خوراک کےضلعی افسران آٹے کا بحران پیدا کرنے کو متحرک ؟؟ ناکام بنائینگے،ملز مالکان

فیصل آباد(نیوز ڈیسک)


فلور ملز ایسوسی ایشن فیصل آباد کا ہنگامی اجلاس سمال چیمبر میں ہوا جس کی صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری شفیق انجم نے کی۔ اجلاس میں شاہد محمود باجوہ، حاجی محمد رمضان، باز خان دمڑ، حاجی آفتاب غنی، ملک زبیر نذیر سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئے جس میں محکمہ خوراک کے ضلعی افسران اور چند کالی بھیڑوں کی ملی بھگت سے آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے کے مذموم اعزائم کی مذمت کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں یہ کہا گیا کہ چند کالی بھیڑیں افسران کے ساتھی بنے ہوئے ہیں اور خود ساختہ بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے ان کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر ان کی سرکوبی کی جائے گی اور اگرضرورت محسوس ہوئی تو ان کو میڈیا کے سامنے بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیدارو ں نے کہا کہ فیصل آباد کے شہریوں کی خدمت کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور ڈی سی فیصل آباد محمد علی کی قیادت میں آٹے کے اس خود ساختہ بحران سے پوری طرح نمٹا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے سستے ٹرک پوائنٹ جاری رکھے جائیں گے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس میں مزید بھی اضافہ کیا جائے گا جبکہ فئیر پرائس شاپس پر بھی آٹے کی سپلائی جاری رکھی جائے گی۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ فلور ملز کے گندم کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو سستا آٹا فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں