اوکاڑہ یونیورسٹی میں ذمہ دارانہ شہریت پہ لیکچر سیریز کا آغاز، کس ملک کے سکالر مدعو؟؟

اوکاڑہ ، ساجد علی چوہان

اوکاڑہ یونیورسٹی میں ذمہ دارانہ شہریت اور متحرک تعلیمی کلچر کے موضوع پہ لیکچر سیریز کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں جرمن اسکالر پیٹر جوزف بوئیک ایک ہفتے تک تمام شعبہ جات کے طلباء کو لیکچرز دیں گے۔ سوموار سے شروع ہونے والے یہ سیشن 18 فروری تک جاری رہیں گے۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈائریکٹر شعبہ بیرونی تعلقات ڈاکٹر سید عبد الوحید کی جانب سے کیا گیا ہے-

پیٹر جوزف کا اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وہ گزشتہ برس فروری میں یہاں دو ہفتے کے لیے آئے تھے اور اس دوران انہوں نے بین التہذیب ہم آہنگی پہ لیکچرز دیے تھے۔ پہلے سیشن کے آغاز پہ اپنے افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر عبدالوحید نے یونیورسٹی کے لیے خصوصی وقت نکالنے پر پیٹر جوزف کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس لیکچر سیریز کا مقصدطلباء کو اس بات کی تربیت دینا ہے کہ وہ وائس چانسلر کے مشن کے مطابق یونیورسٹی میں آزادانہ تعلیمی ماحول پیدا کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں اور معاشرے میں ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کی ایک میٹنگ میں پیٹر جوزف کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ نوجوان معاشرے اور ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتے ہیں اور ان کو ایک ذمہ دار اور کامیاب شہری بنانا یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں پیٹر جوزف کی جانب سے طلباء کے ساتھ شیئر کی جانے والے بین الاقوامی رجحانات اور کلچر کے متعلق معلومات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

پیٹر جوزف نے یونیورسٹی میں ایک اچھا تعلیمی ماحول پیدا کرنے اور یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے کی جانے کاوشوں پروائس چانسلر کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اساتذہ کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ یونیورسٹی کا نام بین الاقوامی سطع پر روشن کر نے کے لیے تحقیقی مقالہ جات شائع کرنے پہ توجہ دیں اور ساتھ میں طلباء کو گلوبل ورلڈ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں