فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس امتحان کا اعلان کردیا، رجسٹریشن شروع ، کون اہل؟؟

اسلام آباد ، نیوز ڈیسک

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے سینٹرل سپیرئیر سروسز (سی ایس ایس) 2021 کے امتحانات کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے لیے ملک بھر میں رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر سے تمام تر امیدوار جو سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں وہ 5 اکتوبر 2020 سے آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ اسی طرح طلبہ سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) پورٹل پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں جب کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 نومبر ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست دہندگان کو لازمی دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست کی ہارڈ کاپی فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے ہیڈ کوارٹر میں 13 نومبر 2020 سے پہلے جمع کروانا ہوگی۔ یہاں پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ سی ایس ایس کے امتحانات 18 فروری 2021 سے ملک کے 19 شہروں میں ہوں گے جن میں ایبٹ آباد، بہاولپور، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، فیصل آباد، گلگت، گوجرانوالہ، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، لاڑکانہ، ملتان، مظفر آباد، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شامل ہیں۔ اور اس امتحان میں گریجویشن میں سیکنڈ ڈویژن رکھنے والے 21 سے 30 سال کے بعد مرد و خواتین بشمول خصوصی افراد امتحانات دینے کے اہل ہوں گے جب کہ خصوصی افراد کے لیے عمر میں 2 سال کی رعایت ہوگی۔ یہ بھی واضح کیا کیا گیا ہے کہ سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کے خواہشمند طالبات اس ویب سائٹ سے http://www.fpsc.gov.pk/ فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں