جارحانہ بلے باز خوشدل شاہ نے ایسا کیا کارنامہ انجام دیا کہ سب کے دل خوش ہو گئے؟؟

راولپنڈی ، سپورٹس ڈیسک

پاکستان میں جارحانہ اور ہارڈہٹنگ بلے بازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس میں نیا اضافہ جارح مزاج بیٹسمین خوشدل شاہ ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی پاکستانی کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنادیا۔ بلے بلاز نے راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں خوشدل شاہ نے ایک ایسے موقع پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کردی جب سدرن پنجاب کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی۔ 25 سالہ بیٹسمین نے 9 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کرنے والے پاکستانی بن گئے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں پاکستان میں یہ اعزاز اوپنر بلے باز احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے میچ میں 40 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی جبکہ خوشدل شاہ کی 35 گیندوں کی سنچری مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچویں تیز ترین سنچری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قبل ازیں کرس گیل 30، رشب پنٹ 32، وہان لیوب 33 اور اینڈریو سائمنڈز 34 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بناچکے ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما بھی 35، 35 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ روہت شرما اور ملر نے یہ سنچریاں انٹرنیشنل میچز میں اسکور کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں