شعیب ملک کا ایک نیا کارنامہ ، ٹی 20 کرکٹ میں کونسے کلب میں شامل ہوگئے؟ شائقین مسرور

لاہور ، سپورٹس ڈیسک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر بلے باز شعیب ملک نے ٹی 20 کرکٹ میں نیا کارنامہ انجام دیدیا ہے اور10 ہزار رنز بنانے والے اولین ایشیائی اور پاکستانی کرکٹر بن گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے قومی ٹی 20 کپ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے بلوچستان کیخلاف 74 رنز اسکور کیے، اس طرح ان کے مختصر ترین فارمیٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 10027 ہوگئی، وہ ٹی 20 فارمیٹ میں 10 ہزار کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ایشیائی اور پاکستانی جبکہ دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل کرس گیل (13296) اور پولارڈ (10370) یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں – واضح رہے کہ شعیب ملک نے یہ سنگ میل اپنے 395 ویں میچ میں عبور کیا، اس دوران ان کی اوسط 37 سے زائد جبکہ اسٹرائیک ریٹ 125.47 رہا ہے، شعیب نے 299 چھکے اور 788 چوکے جڑے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز سرفہرست گیل نے 404 میچز کھیلے، اس دوران انھوں نے 978 چھکے اور 1026 چوکے لگائے، اسی طرح کیرون پولارڈ نے 518 میچز کے دوران 685 چھکے اور 664 چوکے لگائے۔ یہاں یہ امر انتہائی دلچسپ ہے کہ اس فہرست میں شعیب ملک کے بعد دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ کوسوں دور موجود ہیں،ان کے اس فارمیٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 6420 ہے، البتہ انھوں نے اب تک 280 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں۔ کامران اکمل بھی 6 ہزار کا سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک دنیا بھر میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں شمولیت اختیار کرنے میں بھی فیورٹ پاکستانی کرکٹرز ہیں –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں