ڈپٹی کمشنر محمدعلی ……… حکومتی ویژن کا عمدہ عکاس! تحریر، محمد اویس عابد


تحریر، محمد اویس عابد

محمد علی ضلع فیصل آباد میں کسی تعارف کے محتاج نہیں انہیں بطور ڈپٹی کمشنر کمان سنبھالے آج ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ایک سال کے عرصہ میں محمد علی حکومتی ویژن کی بہتر انداز میں تکمیل کے لئے دن رات کوشاں نظر آئے اور ثابت کیا کہ وہ حقیقت میں ضلع فیصل آباد میں حکومت پنجاب کا بہترین انتخاب ہیں۔ محمد علی کو فیصل آباد کی باگ دوڑ سنبھالے زیادہ عرصہ نہیں ہواتھا کہ کورونا وباء نے دنیا سمیت پاکستان اور فیصل آباد کو لپیٹ میں لینا شروع کیا۔پہلے تفتان ایران سے کورونا پازیٹو زائرین کی فیصل آباد آمد،پھر ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کو سرکاری وپرائیوٹ سطح پر کورنٹائن سنٹر منتقل کرانے کے ساتھ ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کی بلاتعطل فراہمی اورہر ممکن دستیاب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنوایا۔وہ کورونا سے بے خوف خطر جھنگ روڑ پر زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس پارس اور جی سی نیو کیمپس میں قائم کورنٹائن سنٹرز کا متواتر دورہ کرتے رہے اور زائرین کے لئے سہولیات کو چیک کیا۔علاوہ ازیں مارکیٹوں اور بازاروں میں انسداد کورونا ایس او پیز پر حکومتی ویژن کے مطابق ذمہ دارانہ عملدرآمد کرایا اور شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی کال پر لبیک کہتے ہوئے من وعن عملدرآمد کیا جس کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے۔

اس مشکل حالات میں ڈپٹی کمشنر کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی طرف سے بھرپور سپورٹ حاصل رہی۔ایک سال کے عرصہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عید الفطر، عید الاضحی، محرم الحرام، چہلم شہدائے کربلا جیسے بڑے تہواروں کے مواقع پر بہترین انتظامی حکمت عملی اختیار کی اور امن وامان کے قیام کے لئے علماء کرام سے مسلسل رابطہ میں رہے۔فیصل آباد میں فرائض کی احسن انداز میں انجام دہی میں تندہی،لگن سے مصروف عمل ہو کر متحرک انداز میں سرکاری فرائض انجام دے رہے ہیں جس کی بدولت ان کی عوامی خدمت وضلعی ترقی میں گہری دلچسپی اور محکمانہ سروسز کے معیار میں اضافہ کرنے سے متعلق گرانقدر مشن عیاں ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل آفیسر ہیں جو عوامی خدمت وترقی کے سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان کے ویژن سے بھی بخوبی آگاہ ہیں اور ضلع کو حکومتی نصب العین اور پختہ ارادوں کے ساتھ عزم وہمت سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محکمانہ ورکنگ ریلیشن شپ کے قیام کے لئے بھی ہمیشہ پرعزم نظر آتے ہیں اور فیصل آباد جیسے بڑے شہر کے سرکاری وانتظامی معاملات چلانے کے لئے محمد علی جیسے پرعزم اور باصلاحیت ڈپٹی کمشنر کی ضرورت ہوتی ہے اور محمد علی بھی ہمدرد اور جذبہ خدمت سے سرشار آفیسر کی شاندار مثال ہیں۔عوامی خدمت کے لئے ہمہ وقت دستیاب رہنے کے علاوہ شہریوں کے اجتماعی اور انفرادی مسائل تیز رفتاری سے حل کرانا ان کی ترجیح ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی فیصل آباد تعیناتی کے دوران اب تک پاکستان سٹیزن پورٹل پر ساڑھے 38 ہزار سے زائد عوامی شکایات نمٹائی گئی ہیں اور یہ تناسب پورے پنجاب میں سب سے زیادہ ہے وہ باقاعدگی سے پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے ازالہ کی پیشرفت کا جائزہ بھی لے رہے ہیں اورعوامی شکایات کو تیز رفتاری سے نمٹانے کے لئے تمام ضلعی محکموں واداروں کو بھی متحرک کئے ہوئے ہیں۔وہ سرکاری اداروں ومحکموں کی سروسز کے معیار میں اضافہ وتیزی لانے کے مشن پر گامزن ہیں اسی مقصد کے لئے وہ سرکاری دفاتر کی اچانک انسپکشن بھی کر رہے ہیں اور سرکاری امور نپٹانے کی حکمت عملی کی بدولت سرکاری محکموں کی کارکردگی کا گراف بھی بلند ہورہا ہے۔ کام چور اور غفلت شعار ملازمین کے لئے سخت اور محنتی وفرض شناس،دیانتدار ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا بہترین ایڈمنسٹریٹر ہونے کی علامت ہے اور یہ انتظامی خوبیاں ڈپٹی کمشنر محمد علی میں موجود ہیں۔انہوں نے فیصل آباد کے دیرینہ مسائل کو مختصر وقت میں پہچانا اور ان کی بہتری کے لئے موثراقدامات کر رہے ہیں۔فیصل آباد کے میگا پراجیکٹس کشمیر پل انڈر پاس،گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کی جلد تکمیل کے لئے بھی سرگرم نظر آتے ہیں جبکہ شہر میں پارکنگ کے گھمبیر مسئلے کے پائیدار حل کے لئے جامع پلاننگ کر رہے ہیں۔پرائس کنٹرول میکنزیم پر حکومتی ہدایات کے مطابق موثر عملدرآمدجاری ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو انسپکشنز بڑھانے کی واضح ہدایات کی گئی ہے جس کا مقصد دکانداروں کو اشیاء مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کا پابند بنانا ہے۔کلین اینڈ گرین فیصل آباد ان کا خواب ہے جس کی تکمیل کے لئے وہ میدان عمل میں رہتے ہیں-

ایک اندازے کے مطابق فیصل آباد میں 7 لاکھ سے زیادہ پودے لگا کر ان کی نشوونما کے لئے بھی موثر اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی فیصل آباد کے تشخص،تہذیب وثقافت اور تاریخی ورثہ کو اجاگرکرنے کے لئے بھی متحرک ہیں۔انسداد ڈینگی وپولیو،تعلیم وصحت،مزدوروں کے مسائل کے حل،امن کمیٹیوں کے مسلسل اجلاسز‘میڈیا سے موثر رابطہ ودیگر ہمہ نوعیت کے انتظامی امور اور محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے عوامی خدمت کے لئے سرگرم عمل رہنے والے ڈپٹی کمشنر محمد علی کو بلاشبہ فیصل آباد ضلع کے لئے بہترین انتخاب کہا جاسکتا ہے جنہیں انتظامی معاملات پر مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ایک سال میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوایا ہے اور قوی امید ہے کہ وہ ضلع کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنی عمدہ سوچ کو بروئے کار لاتے رہیں گے۔اللہ پاک انہیں اپنے مقاصد میں کامیاب کرے اوروہ فیصل آبادکو ترقی کی حقیقی منازل تک پہنچائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں