عمران خان یاد رکھیں ، صحفہ پلٹتے دیر نہیں لگتی ، آٹا ،چینی چوروں کے حساب کا وقت آ گیا ، مریم نواز

گوجرانوالہ ، نیوز ڈیسک

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے آپ کہتے ہیں سارے ادارے ایک پیج پر ہیں لہٰذا عمران خان یاد رکھیں صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی۔ حساب کتاب صرف عوام کو کرنا ہے، آٹا بھی چوری ہوتا ہے اور مارکیٹ سے غائب ہوتا ہے، پہلے غائب کردو اور پھر قیمتیں بڑھاکر مارکیٹ میں لے آؤ ، یہ ہمیں سسیلین مافیا کہتے تھے، اب پتا چلا ہے مافیا کیا ہوتا ہے؟

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے مارے عوام کا مقدمہ لے کر آئی ہوں، میں آج تاجروں کا مقدمہ لے کر آئی ہوں، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہ حال ہو تا ہے جو آج سب کا ہو رہا ہے، آج کاروبار کو تالے نہیں لگے ہوئے؟ میں آج آپ کے پاس میڈیا کی زبان بندی کا مقدمہ لے کر آئی ہوں ، آج میڈیا کو جکڑا ہوا ہے اس لیے تمہاری کرپشن کی بات نہیں ہوتی، جو لوگ سچائی کے ساتھ چلتے تھے انہیں نوکریوں سے نکلوادیا گیا، لیڈی ہیلتھ ورکرز اسلام آباد کی سڑکوں پر رل رہی ہیں، ان کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔

مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور نائب صدر نے واضح کیا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ آپ کے منتخب نمائندے کو نکالے، نواز شریف کی کرپشن میں سے تو اقاما نکل آیا، آئین چوری کا مقدمہ اور ووٹ چوری کا مقدمہ سمجھ آتا ہے یا نہیں، آپ کے ووٹوں سے حکومت آنی اور جانی چاہیے۔

واضح رہے کہ جلسہ عام سے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں