گوجرانوالہ میں اپوزیشن کا سیاسی پاور شو ، وزیراعظم حکومتی ترجمانوں سے ناراض ، تبدیل ہونگے؟؟

اسلام آباد ، نیوز ڈیسک

گوجرانوالہ جلسہ میں پی ڈی ایم کے بھرپور سیاسی پاور شو کے بعد وزیراعظم عمران خان حکومتی ترجمانوں سے ناراض دکھائی دے رہے ہیں اور اب یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بعض اہم وزرا کے قلمدانوں کو تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے جس پر عمل درآمد کے لئے مشاورت کا عمل جاری ہے –

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا محکمہ تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے،ان کی جگہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری وزارت اطلاعات کیلئے ایک مرتبہ پھر فیورٹ بن گئے ہیں تاہم فواد چوہدری کی خواہش ہے کہ ان سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا محکمہ واپس نہ لیا جائے۔ ایک خبر رساں ادارے نے باخبر سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وزیر اطلاعات شبلی فراز کی طرف سے اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار نہ کرنے سے متعلق کئی مرتبہ حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراطلاعات پر خفگی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اس ضمن میں اپنے بعض قریبی سینیٹرز دوستوں سے بھی بات کی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ اگر آئندہ ہفتے فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات و نشریات کا چارج دیا گیا تو سینیٹر شبلی فراز کو توانائی یا تجارت کا محکمہ ملنے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر توانائی عمر ایوب کی کارکردگی سے بھی وزیر اعظم خوش نہیں ہیں اور ارکان پارلیمنٹ بالخصوص پی ٹی آئی کراچی کی قیادت عمر ایوب کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے بھی عمر ایوب کی طرف سے مسائل حل کرنے پر توجہ نہ دینے کی شکایت وزیراعظم عمران خان سے کی ہے اسی طرح کئی مرتبہ وفاقی کابینہ میں موجود وزرا بھی عمر ایوب کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں – ان کے متبادلے کے طور پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا نام بھی سامنے آیا ہے اور عمر ایوب کو صرف پٹرولیم ڈویژن کا وزیر برقرار رکھا جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید جو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین بھی ہیں کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں بھی کابینہ میں لیا جائے گا اور امکان ہے کہ انہیں وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات بنایا جائے تا کہ وہ حکومتی بیانیہ موثر انداز میں میڈیا میں اجاگر کر سکیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی وزیر اطلاعات کا قلمدان پہلے بھی کئی مرتبہ تبدیل کیا جاچکا ہے اور ان میں فواد چوہدری ، فردوس عاشق اعوان بھی شامل ہیں اب اگر شبلی فراز کو تبدیل کیا گیا تو یہ 2 سالوں میں چوتھی تبدیلی ہو گی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں