فیڈمک میں PTEA کے مرکزی دفاتر کیلئے 150 ایکڑ اراضی ، کمپلینٹ سیل بھی قائم، نمبر کیا؟

فیصل آباد ، کامرس ڈیسک

فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں 150 ایکڑ اراضی پر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا مرکزی دفتر قائم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ چیئرمین فیڈمک میاں کا شف اشفاق اور پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمد کی ویڈیو لنک میٹنگ میں کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں فیڈمک کے اکنامک زونز میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے قیام کو فروغ دینے سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو مرکزی دفتر کے لئے سبسڈائزڈ ریٹ پر اراضی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں سرمایہ کاروں کے لئے فیڈمک کے اکنامک زونز میں بہترین مواقع موجود ہیں۔ یہ بات چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہی ہے ۔ وہ منسٹری آف کامرس کے زیر اہتمام ہونے والے ورچوئل روڈ شو میں یورپی یونین کے رکن ممالک ڈنمارک، ناروے اور فن لینڈ سے تعلق رکھنے والےسرمایہ کاروں کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو دس سال تک انکم ٹیکس ادائیگی میں چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینری کی امپورٹ سمیت متعدد خصوصی مراعات دی جارہی ہیں ۔ ورچوئل روڈ شو میں شریک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے فیڈمک کے اکنامک زونز میں ٹیکسٹائل، ہیلتھ، انرجی اور آٹوموبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے کہا کہ جیسے ہی کورونا کی صورتحال بہتر ہو گی وہ خود پاکستان کا دورہ کر کے فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کو عملی شکل دیں گے۔

اسی طرح فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کےلئے خصوصی کمپلینٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کے مطابق یہ اقدام فیڈمک میں سٹیک ہولڈرز کے مسائل کے حل کے لئے قائم کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں شکایات فون نمبر 03237770055 پر درج کروائی جاسکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کی بدولت انویسٹرز،صنعتکار اورفیڈمک سپیشل اکنامک زونز کے خریداروں کے مسائل وشکایات کا بلاتاخیر ازالہ کیا جاسکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں