ملک گیر لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان ، کاروبار کتنے بجے تک کھلے رہیں گے؟؟

اسلام آباد ، نیوز ڈیسک

حکومت نے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عید پر لگائے گئے ملک گیر لاک ڈاﺅن ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور ایس اوپیز جاری کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں عید کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عید تعطیلات میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عوام کی سہولت اور عید پر آبائی علاقوں کو گئے لوگوں کی واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کر دی ،جس کے تحت بین الصوبائی انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے 50 فیصد مسافروں کیساتھ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 16 مئی سے تاحکم ثانی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائیگی جبکہ ریل گاڑیاں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی۔میٹرو بس سروس بھی کل سے شروع ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، مارکیٹوں اور دکانوں کے اوقات کار 17 مئی سے تاحکم ثانی یہی رہیں گے، 17 مئی سے سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق ہوں گے، 50 فیصد عملہ گھر اور 50 فیصد دفاتر میں کام کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ 19 مئی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا، عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، عوام ترجیحی بنیادوں پر 1166پر ویکسین کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں