بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس ، چاروں گیٹ تالے لگا کر بند ، ہو کیا رہا ہے؟؟

کوئٹہ ، نیوز ڈیسک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن نے صوبائی اسمبلی کے چاروں گیٹ تالے لگا کر بند کردیے۔ بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے چاروں گیٹ تالے لگا کر بند کردیے۔ اس حوالے سے پولیس حکام نے ایم پی اے ہاسٹل کےقریب اسمبلی گیٹ کھلوانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن ارکان اور پولیس حکام میں تلخ کلامی ہوئی تاہم پولیس حکام اسمبلی گیٹ کا تالا کھلوانے میں ناکام رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران پولیس کی بکتر بند گاڑی نے ٹکر مارکر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا جس کے زد میں آکر اراکین اسمبلی بابورحیم اور عبدالواحد صدیقی زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندرکا کہنا ہے کہ آج ہم بلوچستان اسمبلی کے چوکیدار ہیں، کسی کو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیں گے اور حکومت بجٹ پیش کرکے دکھائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اُدھر بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس نصف گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے جبکہ اسمبلی میں ارکان کی حاضری کیلئے گھنٹیاں بجائی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں