سپریم کورٹ کے حکم پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر بحال

فیصل آباد ، ثنا روف بھٹی

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سہہ رکنی بنچ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کر دیا ہے اور اس فیصلے کی روشنی میں وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے –

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد گزشتہ کئی برسوں سے سیاسی مداخلت کے باعث مستقل وائس چانسلر کی تقرری سے محروم تھی اور اسی وجہ سے پنجاب حکومت کی جانب سے ڈاکٹر محمد اشرف کو زرعی یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیا گیا تھا جس کے خلاف سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس پر ڈاکٹر اقرار کی اپیل منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف کی تعینات کو کالعدم قرار دیدیا تھا بعد ازاں صوبائی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف ڈبل بنچ میں اپیل دائر کردی جا کا فیصلہ ڈاکٹر اشرف کے حق میں ہوا اور انہیں زرعی یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کردیا گیا –

سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ڈبل بنچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کردی جس پر چیف جسٹس آفس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقرر کیا گیا جس میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختیر شامل تھے- کیس کی سماعت کے بعد عدالت عظمی نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ڈبل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا اور اپنے مختصر فیصلے میں ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی اپیل منظور کر لی اور انہیں وائس چانسلر کے عہدے پر بحال کردیا ہے-

واضح رہے کہ دسمبر 2020 میں کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بنچ نے اس وقت کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کو کام سے روکتے ہوئے ڈاکٹر اشرف کو پرو وائس چانسلر تعینات کر دیا تھا جبکہ اب سات ماہ بعد دوبارہ کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی جس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کی اور سماعت کے بعد اپنا مختصر فیصلہ سنایا جس میں ڈاکٹر اقرار احمد خان کو وائس چانسلر کے عہدے پر بحال کردیا-

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھال کر دوبارہ کام کا آغاز کردیا ہے اور تمام فیکلٹیز کے ‌ڈینز ، اکیڈمک سٹاف ، اساتذہ و دیگر کی جانب سے مبارکباد دینے کا تانتا بندھ گیا- واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں چوتھی مرتبہ وائس چانسلر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں ان کی وائس چانسلر شپ کے دوران میں زرعی یونیورسٹی نے کامیابی کی بہت سی منازل طے کیں جن میں ایشیا کی زرعی جامعات میں نمایاں مقام حاصل کرنا بھی شامل ہے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں