بھٹو غدار ، شریف ڈاکو ! وفاقی وزیر امین غنڈاپور کے بیان کیخلاف سینٹ میں اپوزیشن سراپا احتجاج

اسلام آباد ، نیوز ڈیسک

پاکستان ایوان بالا میں اپوزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے بیان کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں ’بدکلامی کی سرکار، غنڈا گردی کی سرکار نہیں چلے گی‘ کے نعرے لگوا دیئے، بعد میں معذرت بھی کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پوری مسلم امہ کو ایک پلیٹ فام پر جمع کیا اور یہ انہیں غدار کہہ رہے ہیں، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والی سیاست تباہی کی طرف لے جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کل اس بدزبان حکومت کے بدزبان وزیر نے بھٹو صاحب کو غدار کہا، یہ تصادم کی نئی راہ کھول رہے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ بھٹو ایٹمی پروگرام لائے، اس لیے غدار ہے؟ زبان درازی کی حد ہوتی ہے، یہ کون ہوتے ہیں غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومتی وزیر نے بھٹو، نوازشریف اور مریم نواز کے لیے جو زبان استعمال کی اس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔ حکومتی سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے کشمیر کے انتخابی جلسوں میں نامناسب زبان استعمال کی، اپوزیشن ارکان نے اپنی روش نہ بدلی تو حکومتی سینیٹرز کو روکنا مشکل ہو جائے گا، اپوزیشن کی قیادت بھی اپنے نامناسب بیانات پر معافی مانگے۔ ان کا کہنا تھا میں عمران خان کا سپاہی ہوں، شور شرابے اور احتجاج سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن اراکین کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے، آپ کو موقع دیا جائے گا آپ اپنی باری پر جواب دیجیے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں