عبدالرزاق کا قومی ویمن ٹیم کی آل رائونڈر ندا ڈار کی جسمانی ساخت بارے ریمارکس ، رد عمل کیا؟

کراچی ، نیوز ڈیسک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق رکن اور آل رائونڈر عبدالرزاق نے خواتین کرکٹ ٹیم کی اہم کھلاڑی ندا ڈار کے بارے ایسی کیا گفتگو کر دی کہ مختلف اطراف سے ان پر بہت زیادہ تنقید کی جارہی ہے –

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پروگرام کے دوران میزبان نے ندا ڈار سے شادی کے حوالے سے سوال کیا تو جوب آیا کہ ’اور جب شادی ہوتی ہے تو پھر کرکٹ چھوڑ جاتی ہیں’، اس پرخاتون کرکٹر نے کہا کہ ’ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جتنا کرکٹ کھیل سکتی ہیں کھیل لیں شادی کے بعد کچھ پتا نہیں ہوتا’۔ ندا ڈار کی اس بات پر عبدالرزاق نے کہا کہ ‘خواتین کرکٹرز کی شادی نہیں ہوتی، ان کی فیلڈ ایسی ہے، جب یہ کرکٹرز بن جاتی ہیں تو وہ پھر چاہتی ہیں کہ مردوں کی ٹیم کے لیول تک آجائیں، وہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ صرف مرد نہیں وہ بھی یہ سب کچھ کرسکتی ہیں‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے مزید کہا کہ’ آپ ندا ڈار سے ہاتھ ملا کر دیکھ لیں یہ اب لڑکی تو نہیں لگتیں’۔ اس بات کا جواب دیتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ ہمارا پروفیشن ہی ایسا ہے کہ ہمیں جِم جانا پڑتا ہے، ہمیں فِٹ رہنا پڑتا ہے ،اسی دوران عبدالرزاق نے کہا کہ ‘آپ ان کے بال دیکھیں‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو کلپ کے سامنے آنے کے بعد عبدالرزاق پر خوب تنقید ہورہی ہے البتہ اس حوالے سے ان کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں