کسی مقام پر پہنچنے کیلئے لوگوں کو بہت سارے ایسے کام بھی کرنے پڑتے ہیں، ماڈل رابعہ بٹ

کراچی ، نیوز ڈیسک

پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ’عریانیت‘ کے خلاف ہیں اور ایسی چیزوں کو پسند نہیں کرتیں۔ماضی میں فیشن شوز کی ریمپ پر واک کرکے بولڈ لباس پہننے والی ماڈل نے ’سم تھنگ ہاٹ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان سے بھی غلطیاں ہوئیں اور انہوں نے بھی مختصر لباس پہنا مگر اس وقت انہیں ایسی باتوں کی سمجھ نہیں تھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں زندگی اپنے رشتے داروں، دوستوں اور جان پہچان والوں کا خیال رکھنا اور لوگوں کو خوشیاں فراہم کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈل اور اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں بچپن سے ہی ماڈلنگ کرنے کا شوق تھا اور انہیں نہیں معلوم کہ وہ کب اور کیسے بڑی ماڈل بن گئیں اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کیلئے ماڈلنگ کرنے لگیں۔ رابعہ بٹ کے مطابق کیریئر کو بہتر بنانے کی کچھ مجبوریاں ہوتی ہیں اور کسی مقام پر پہنچنے کے لیے لوگوں کو بہت سارے ایسے کام بھی کرنے پڑتے ہیں، جنہیں نہیں کرنا چاہیے۔ اگرچہ اداکارہ نے کہا کہ بعض مجبوریوں کے تحت کیریئر بنانے کے لیے غلط کام بھی کرنے پڑتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کون سے کام مجبوراً کیے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے نیم عریاں لباس پہنے جانے کے سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ مذکورہ معاملے پر ایسا سچ نہیں بولیں گی جو لوگوں کی تکلیف کا باعث بنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں