لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو جناز گاہ منتقل کردیا گیا ، نماز جنازہ کچھ دیر میں

کراچی ، شوبز ڈیسک

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو رہائش گاہ کے بعد جنازہ گاہ منتقل کیا جارہا ہے۔ عمر شریف کے جسدِ خاکی کو رہائش گاہ پر لانے کے موقع پر گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ دوسری جانب عمر شریف کے نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جنازے کو شریف پارک کلفٹن منتقل کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ جنازے کی سکیورٹی کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات ہیں، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں جب کہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔ عبداللّہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں عمرشریف کی قبرتیارکرلی گئی ہے جہاں ان کی تدفین شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ترک ائیر لائن کی پرواز TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔ عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں۔ کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں