حریم شاہ کا وزیرداخلہ شیخ رشید کو فون ، کیا بات ہوئی ، حریم کی ہنسی کیوں نکل گئی؟؟

کراچی ، شوبز ڈیسک

پاکستان کی معروف اور متنازع ٹک ٹاک اسٹار، ماڈل و اداکارہ حریم شاہ کی جانب سے ٹی وی شو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو فون کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو آئندہ ہفتے نشر ہونے والے ٹاک شو ’ٹو بی آنیسٹ‘ کی ہے، جس میں حریم شاہ دکھائی دیں گی۔ مذکورہ ٹاک شو کو 24 نومبر کو یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کے جاری کیے گئے ٹیزر کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مختصر دورانیے کے ٹیزر میں پروگرام کے میزبان حریم شاہ سے پوچھتے ہیں کہ اگر وہ شیخ رشید کو فون کریں گی تو کیا ہوگا؟ جس پر ٹک ٹاک اسٹار بولتی ہیں کہ وہ ابھی انہیں فون کرکے دیکھتی ہیں اور پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے؟ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ وزیر داخلہ کا نمبر ملا کر انہیں فون کرتی ہیں اور اس دوران وہ موبائل کا اسکرین بھی دکھاتی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ کا نمبر ’شیخو‘ کے نام سے محفوظ کر رکھا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخ رشید ٹک ٹاک اسٹار کی کال اٹھاتے ہیں اور انہیں فوری طور پر کہتے ہیں کہ وہ انہیں بعد میں فون کریں، جس پر حریم شاہ اصرار کرتی ہیں کہ ابھی بات کرلیں۔ ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ کے اصرار پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد انہیں جھاڑ پلادیتے ہیں اور انہیں سخت لہجے میں کہتے ہیں کہ ’بکواس بند کریں‘ ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے جھاڑ ملنے کے بعد حریم شاہ ہنس دیتی ہیں اور موبائل فون بند کردیتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ واقعی انہوں نے شیخ رشید کو ہی کال کی تھی یا پھر وہ ٹاک شو کے مذاق کا حصہ تھا؟ مذکورہ معاملے کی مکمل سچائی 24 نومبر کو اس وقت ہی سامنے آئے گی جب کہ حریم شاہ کا ٹاک شو نشر کیا جائے گا۔ مذکورہ پروگرام سے قبل بھی حریم شاہ وزیر داخلہ سے متعلق باتیں کرتی رہی ہیں اور ماضی میں بھی ان کی وزیر داخلہ کو فون کال کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ماضی میں حریم شاہ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کی ایک دوست نے شیخ رشید سے نکاح بھی کر رکھا تھا۔ اسی طرح ایک بار انہوں نے شیخ رشید کو اپنا بھائی قرار دیا تھا جب کہ ایک بار انہوں نے وزیر داخلہ کو شادی کا مشورہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ان کی وجہ سے ہی شادی نہیں کر رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں